ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جمعیۃ علماء ہند کی کو ششوں سے چار مسلم نوجوانوں کے با عزت بری کئے جانے پر اطمینان کا اظہار

جمعیۃ علماء ہند کی کو ششوں سے چار مسلم نوجوانوں کے با عزت بری کئے جانے پر اطمینان کا اظہار

Fri, 06 Oct 2017 23:53:31    S.O. News Service

جمعیۃ علماء ہند صوبہ مہاراشٹر کے ذمہ داران مبارکباد کے مستحق: مولانا بدرالدین اجمل قاسمی
ممبئی، 6؍اکتوبر (پریس ریلیز ؍ایس او نیوز) اورنگ آباد حمایت باغ انکاؤنٹر معاملہ میں گرفتار چار مسلم نوجوانوں کے مقدمہ کی کامیاب قانونی لڑائی کے نتیجہ میں باعزت بری کئے جانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ، آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر، رکن پارلیمنٹ اور جمعیۃ علماء ہند صوبہ آسام کے صدر مولانا بد رالدین اجمل قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند صوبہ مہاراشٹر کے صدر حافظ ندیم صدیقی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ مولانا اجمل نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہندکے جنرل سکریٹری مولانا سید محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء صوبہ مہاراشٹر کی ٹیم ناحق مقدموں میں پھنسے مسلم نوجوانوں کی رہائی اور ان کی بے گناہی کو ثابت کرنے کے لئے انتہائی جانفشانی کے ساتھ سرگرم عمل ہے، اور اب تک بہت سے بے گناہوں کو انصاف بھی مل چکا ہے، اور چار مسلم نوجوانوں کا ۲۰۱۲ میں ہوئے اورنگ آباد کے حمایت باغ میں ہوئے انکاؤنٹر معاملہ میں بری ہونا ان ہی کوششوں کا نتیجہ ہے، اللہ تعالی ان حضرات کی خدمات کو قبول فرمائے اور مزید کامیابی سے نوازے،آمین۔ مولانا نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک کی جیلوں میں ہزاروں بے گناہ مسلم نوجوانوں کو قید و بند کی سزا کاٹنے پر مجبور کیا گیا جس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جن کو انصاف دلانے کی کوشش ہونی چاہئے اور الحمدللہ جمعیۃ علما ء ہند وہ کوشش کر رہی ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کا موقف بالکل واضح ہے کہ مجرمین کو سزا ضرور ملنی چاہئے مگر بے گناہوں کے ساتھ ظلم نہیں ہونا چاہئے اسی لئے جمعیۃ علماء ہند پورے ملک میں انصاف کی برتری اور مظلومین کی داد رسی میں روز اول سے مصروف ہے۔ جمعیۃ علماء ہند صوبہ مہاراشٹر کی ٹیم دہشت گردی جیسے سنگین جرم کے نام پر مسلم نوجوانوں کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف جو قانونی لڑائی لڑ رہی ہے اس کے نتیجہ میں بہت سے نوجوانوں کی باعزت رہائی نے ان نوجوانوں کو انصاف دلانے کے ساتھ ہی کچھ جانچ ایجنسیوں اور سیکورٹی فورسس کی جانب سے مسلم نوجوانوں کے تئیں تعصب اور سازش کو بھی بے نقاب کیا ہے۔مولانا نے کہا کہ ملک اس وقت بہت ہی نازک دور سے گزر رہاہے ، جس میں فسطائی طاقتیں مسلمانوں کے خلاف پوری طرح سے کمر بستہ ہو چکی ہے، انصاف کی آواز بلند کرنے والوں کی آواز دبانے کی پوری کوشش ہو رہی ہے اور ملک میں ہوئے بڑے بڑے دہشت گردانہ واقعات میں ملوث افراد کے خلاف پختہ ثبوت ہونے کے بعد بھی رہائی مل رہی ہے،ایسے وقت میں جمعیۃ علماء ہند کا انصاف کے لئے کمربستہ ہونا قابلِ تحسین اور جرأتمندانہ قدم ہے۔


Share: